آزاد کشمیر

کشمیری عوام نے لازوال قربانیوں سے اپنا حق خودارادیت تسلیم کرایاہے ، سردار مسعود خان

کشمیر پر پاکستان کا موقف اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مبنی ہے

اسلام آباد:آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام نے بے مثال جدوجہد اور قربانیوں کے ذریعے عالمی سطح پر اپناناقابل تنسیخ حق خودارادیت تسلیم کرایا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سردار مسعود خان نے کشمیر سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ جموں و کشمیر کے بارے میں پاکستان کا موقف اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی قراردادوں، انسانی حقوق سے متعلق بین الاقوامی معاہدوں، عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں، بین الاقوامی قانون، عالمی اعلامیہ حقوقِ انسانی اور جنیوا کنونشنز پر مبنی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ان قانونی بنیادوں سے ہٹ کر بھی کشمیر کا مقدمہ انصاف پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی حیثیت ایک جارح کی ہے اور بھارتی قابض فورسز مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں ۔ انہوں نے 13جولائی 1931کو سرینگر کی سینٹرل جیل کے باہر 22 کشمیریوں کی شہادت کوجدوجہد آزادی کشمیر کا ایک فیصلہ کن موڑ قرار دیا جس نے کشمیریوں کی منتشر مزاحمت کو ایک منظم تحریک میں تبدیل کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے پہلے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو نے کشمیریوں سے استصوابِ رائے کا وعدہ کیاتھا او ر اس معاملے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں لے کر گئے تھے ۔تاہم عالمی سیاسی مفادات نے کشمیری عوام کو حق خودارادیت سے محروم رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔سردار مسعود خان نے کشمیر پر علمی تحقیق کو فروغ دینے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اس مسئلے کو مزیدموثر طورپر اجاگر کرنے اور تحریکِ آزادی کشمیر کو شہری حقوق کی عالمی تحریک میں ڈھالنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تنازعہ کشمیر سے متعلق آگاہی بڑھانے اور اس دیرینہ مسئلے کے حل کیلئے یورپ، امریکہ، روس، چین اور دیگر خطوں میں تیسرے فریق کی موثر ثالثی کے لیے سفارتی حمایت حاصل کرنے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔ سردار مسعود خان نے خبردار کیا کہ بھارت پاکستان کے خلاف براہِ راست اور پراکسی جارحیت کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور بظاہر جنگ بندی کے باوجود صورتحال عملا حالت جنگ سے مختلف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال مسئلہ کشمیر کے حل نہ ہونے کی بڑی وجہ ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام کی جائز امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے قومی یکجہتی، واضح حکمت عملی اور مسلسل بین الاقوامی سفارتی روابط ناگزیر ہیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button