بھارت : ممبئی میں عصمت دری اور تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون اسپتال میں دم توڑ گئی
ممبئی 11 ستمبر (کے ایم ایس)بھارتی شہر ممبئی کے علاقے ساکی ناکہ میں عصمت دری اوروحشیانہ تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہفتے کے روز اسپتال میں دم توڑ گئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ممبئی کے مضافاتی علاقہ ساکی ناکہ میںجمعہ کے روز ایک ٹیمپو کے اندر 34 سالہ خاتون کو عصمت دری اور تشددکا نشانہ بنایاگیا۔ خاتون کو علاج کے لئے استپال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج دم توڑ گئی۔ پولیس نے ملزم45سالہ موہن چوہان کو واقعے کے کچھ دیر بعد ہی گرفتار کر لیا تھا۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ جمعہ کو علی الصبح پولیس کنٹرول روم میں ایک فون کال موصول ہوئی کہ خیرانی روڈ پر ایک شخص ایک خاتون کو زد و کوب کر رہا ہے۔ عہدیدار نے بتایا کہ خاتون کی تلاش کے لئے ایک پولیس ٹیم جائے وقوعہ کے لئے روانہ کی گئی۔ بعد میں خون میں لت پت متاثرہ خاتون کو میونسپلٹی کی جانب سے چلائے جانے والے راجاواڑی اسپتال لے جایا گیا۔پولیس افسر نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون کی عصمت دری کی گئی ہے اور اس کے نجی اعضا پر آہنی سلاخ سے تشدد کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ سڑک کنارے کھڑے ایک ٹیمپو کے اندر پیش آیا ہے۔ افسر نے بتایا کہ گاڑی کے اندر بھی خون کے دھبے پائے گئے ہیں۔