مقبوضہ جموں وکشمیر: بجلی کے بحران کے خلاف مظاہرے جاری
جموں30 اپریل (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں، بجلی کی بندش کے خلاف مظاہرے جاری ہیں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں سمیت لوگوں نے بحران سے نمٹنے میں حکام کی ناکامی کے خلاف احتجاج کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس کے رہنماو¿ں اور کارکنوں نے جموں میں بجلی کے بدترین بحران سے نمٹنے میں ناکامی پر حکام کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھائے ہوئے شدید گرمی میں لوگوں کو بے حال چھوڑنے پر بھارتی حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ بھارتی پولیس نے لیفٹیننٹ گورنر کی سرکاری رہائش گاہ کی طرف احتجاجی مارچ کو ناکام بناتے ہوئے رامن بھلا، یوگیش ساہنی، من موہن سنگھ سمیت کئی رہنماو¿ں کو حراست میں لے لیا۔بجلی بحران کے خلاف جموں میں ریہاڑی چونگی بی سی روڈ سے خواتین، بچوں اورمعمر افراد کی ایک بڑی تعداد نے ایک زبردست احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اکھنور کے سینکڑوں لوگ بجلی کی مسلسل بندش کے خلاف نردوش چوک پر جمع ہو کر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے موسم گرما کے دوران غیر معمولی صورتحال پر حکام کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کے پتلے جلائے اور حکام کے خلاف نعرے لگائے۔
کانگریس کے سینئر لیڈر سومیت مگوترا کی طرف سے ادھم پور قصبہ کے شہید بھگت سنگھ پارک دربار چوک میں بجلی بحران کے خلاف مشعل بردار جلوس نکالا گیا۔ جلوس مختلف بازاروں سے گزرا اور مظاہرین نے بجلی بحران پر قابو پانے میں ناکامی پر حکام کو تنقید کا نشانہ بنایا۔