نیشنل گارڈ کے اہلکاروں پرفائرنگ دہشت گردی ہے ، صدرٹرمپ
حملے میں ملوث افغان تارکین وطن کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی
واشنگٹن:
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہے کہ نیشنل گارڈ کے ممبران پر حملہ دہشت گردی ہے۔ امریکہ کو بائیڈن کے دور میں آنے والے افغان تارکین وطن کا دوبارہ جائزہ لینا چاہیے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ بائیڈن دور میں داخل ہوئے ہر ایک پناہ گزین کی لازمی جانچ ہو گی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہاکہ نیشنل گارڈ پر حملے میں ملوث افغان شخص اس کی قیمت چکائے گا۔ یہ مشتبہ شخص 2021میں افغانستان سے امریکہ آیا تھا۔انہوں نے کہاکہ یہ گھنائونا حملہ نفرت کا ایک عمل اور دہشت گردی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل گارڈزکے ہالکار شدید زخمی ہیں اور مشتبہ شوٹر کوگرفتار کرلیاگیاہے ۔
واضح رہے کہ واشنگٹن میں وائٹ ہائوس کے قریب فائرنگ سے نیشنل گارڈ کے 2اہلکار زخمی ہوگئے ہیں جن کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔امریکی حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ فارراگٹ اسکوائر کے قریب پیش آیا، جو وائٹ ہائوس سے چند بلاک کے فاصلے پر واقع ہے۔ ڈائریکٹر ایف بی آئی سمیت حکام کی بریفنگ کے مطابق فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔ حملہ آور اکیلا تھا۔





