مقبوضہ جموں و کشمیر

ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کاشبیر احمد شاہ کی درخواست ضمانت ملتوی کرنے پراظہار تشویش

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے دہلی ہائی کورٹ کی طرف سے اپنے نظربند چیئرمین شبیر احمد شاہ کی درخواست ضمانت ملتوی کئے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے کیس کو طول دینے کی دانستہ کوشش قرار دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈوکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ شبیر شاہ کی درخواست ضمانت پر بار بار التوا ایک پرانہ ہتھکنڈا ہے جس کا مقصد کشمیری سیاسی رہنمائوں کو بروقت عدالتی ریلیف کے بغیر سلاخوں کے پیچھے رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تاخیر کشمیری نظربندوں سے متعلق مقدمات میں بھارتی عدالتوں کے متعصبانہ اور امتیازی رویے کی عکاسی کرتی ہے۔ترجمان نے کہا کہ منصفانہ اور فوری فیصلے کے بغیر طویل نظربندی کشمیری رہنمائوں کو ان کے سیاسی نظریے کی سزا دینے کا ایک ہتھکنڈا بن گیا ہے، جبکہ انہیں ملکی اور بین الاقوامی قوانین کے تحت حاصل بنیادی قانونی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی عدالتیں غیر جانبدارانہ طور پر انصاف فراہم کرنے کے بجائے سرکاری بیانیے کی ترجمان بنی ہوئی ہیں اوروہ قانونی عمل کو سیاسی جبر کے آلات میں تبدیل کررہی ہیں۔ارشد اقبال نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مجموعی صورتحال بدستور ابتر ہے، ہزاروں سیاسی کارکن اور نوجوان جیلوں میں بند ہیں جن میں بہت سے کالے قوانین کے تحت جموں وکشمیر سے باہر بھارت کی جیلوں میں بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری نظربندوں کو غیر انسانی سلوک اور طبی امداد سمیت بنیادی سہولیات سے محرومی کا سامنا ہے جس کا مقصد ان کے حوصلے پست کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکلات کا سامنا صرف نظربندوں تک ہی محدود نہیں بلکہ ان کے اہلخانہ باالخصوص عمر رسیدہ والدین، خواتین اور بچے محدود رسائی، مہنگے سفری اخراجات اور اپنے پیاروں کی خیریت کے حوالے سے مسلسل غیر یقینیت کی وجہ سے شدید جذباتی، مالی اور نفسیاتی صدمے برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔ڈی ایف پی کے ترجمان نے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سنجیدہ نوٹس لیں اوربھارت پر متنازعہ علاقے میںجبری نظربندیاں ختم کرنے، کشمیری سیاسی قیدیوں کے منصفانہ اور بروقت ٹرائل کو یقینی بنانے اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے لیے دبائو ڈالیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button