مودی حکومت نوجوانوں کو روزگار دینے کی بجائے صرف اشتہارات اور بیانات جاری کررہی ہے ، پرینکاگاندھی
نئی دلی07جولائی (کے ایم ایس)
بھارت میں کانگریس پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری پر مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ حکومت کوئی عملی کام کرنے کی بجائے صرف اشتہارات اور بیانات جاری کرر ہی ہے جس سے کسی کا بھلا نہیں ہوگا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پرینکا گاندھی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ بھارت کے عوام کو بڑھتی ہوئی بے روزگاری سے شدید مشکلات کا سامنا ہے اورہر ماہ بڑے پیمانے پر لوگ نوکریوں سے محروم ہو رہے ہیں، لیکن مودی حکومت لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کر رہی۔انہوں نے کہاکہ صرف گزشتہ ماہ جون میںایک کروڑ تیس لاکھ لوگ بے روزگارہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں روزگار کی شرح12 ماہ کی کم ترین سطح پرہے اور رواں سال اسٹارٹ اپس نے 12ہزارلوگوں کونکال دیا ہے ۔پرینکا گاندھی نے مزیدکہا کہ مودی حکومت کے دور میں30 لاکھ سرکاری آسامیاں خالی پڑی ہیں ۔ تاہم مودی حکومت نوجوانوں کو روزگار دینے کی بجائے صرف اشتہارات اور بیانات جاری کر رہی ہے ۔