مقبوضہ جموں کشمیر: روح اللہ مہدی کا انہدامی مہم پر اظہار تشوی
جموں:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ آغاروح اللہ مہدی نے انتظامیہ کی طرف سے جاری مخصوص انہدامی مہم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران علاقے میں 3ہزار سے زیادہ رہائشی اور تجارتی ڈھانچوںکو مسمار کیا گیا ہے، جس سے ہزاروں خاندان بے گھر ہوئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق روح اللہ مہدی جموں کے علاقے ٹرانسپورٹ نگر میں صحافی عارف احمد ڈینگ کے منہدم گھر کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔ قابض بھارتی انتظامیہ نے ڈینگ کے گھر کو 27 نومبر کو بلا جواز طور پر منہدم کر دیا تھا ۔انہوںنے متاثرہ خاندان کو امداد فراہم کرنے میں ناکامی پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ انہدامی کارروائی کے ذمہ دار وں کو طلب کرکے سچ سامنے لانے کی کوشش کر سکتے تھے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ انہوںنے ایک مقامی رہائشی، کلدیپ شرما کا حوالہ دیتے ہوئے، جس نے بے گھر خاندان کو گھر کی تعمیر نو میں مدد کے لیے اپنی پانچ مرلہ اراضی دی ہے ، کہا کہ اگر ایک عام شہری ایسا کرسکتا ہے تو حکام وسیع وسائل کے باوجود آگے بڑھنے میں کیوں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی مسماری مہم کو روکنا ضروری ہے، چاہے وہ جموں میں ہویا وادی کشمیر میں۔
روح اللہ مہدی نے ریزرویشن کے مسائل سے متعلق طلباءکے مطالبات کو حل کرنے میں ناکامی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ ایک منتخب حکومت طلباء کے ساتھ بات چیت کرنے میں کیوں ناکام رہی۔KMS-05/M








