دی کشمیر فائلز کے بارے میں تمام جیوری ارکان کے خیالات ایک جیسے تھے: ندو لیپڈ
نئی دہلی30نومبر(کے ایم ایس)بھارت میں بین الاقوامی فلم فیسٹیول کے جیوری سربراہ ندو لیپڈ نے اختتامی تقریب میں اس وقت ہنگامہ برپا کر دیا جب انہوں نے وویک اگنی ہوتری کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ”دی کشمیر فائلز ”کومحض پروپیگنڈا اور بے ہودہ قرار دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اسرائیلی فلمساز نے کہا ہے کہ جیوری کے تمام ارکان کے خیالات بھی وہی تھے جوان کے تھے۔ انہوں نے انڈیا ٹوڈے ٹی وی کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں اس بات کا اعادہ کیا کہ جیوری کے تمام اراکین کی ایک ہی رائے تھی اور ان کے پاس ثبوت کے لیے جیوری ارکان کے ای میلز اور واٹس ایپ پیغامات موجود ہیں۔ ندو لیپڈ نے کہا کہ کشمیر فائلز پر جو بیان انہوں نے دیا وہ ان کی اکیلے کی رائے نہیں تھی۔ انہوں نے کہاکہ میرے بیان اور رائے پرجیوری کے تمام ارکان نے اتفاق کیاتھا۔انہوں نے کہاکہ ہم سب اسکریننگ روم میں بیٹھے تھے اور اسکریننگ کے بعدتمام ارکان کے ایک جیسے احساسات تھے۔ سب کو معلوم تھا کہ میں کیا کہنے والا ہوں۔ لیپڈ نے کہاکہ اس کو ثابت کرنے کے لیے میرے پاس ای میلز اور واٹس ایپ پیغامات موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ دبائو یا خوف کے باعث کچھ لوگوں نے اچانک اپنے بیانات بدل دیے ہیں۔ انہوں نے کہا آپ فرانسیسی اور ہسپانوی جیوری کے ارکان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔پیر کوبھارتی ریاست گوا میںبین الاقوامی فلم فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں ندو لیپڈ نے فلم ”دی کشمیر فائلز”کو پروپیگنڈا اوربیہودہ قراردیا تھا جس پر بھارت میں ایک ہنگامہ برپا ہوگیا ہے۔