دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا: جنرل عاصم منیر
اسلام آباد 03دسمبر(کے ایم ایس)بری فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کرے ۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جنرل عاصم منیر نے کنٹرول لائن کے رکھ چکری سیکٹر کا دورہ کیا ۔ انہوں نے اس موقع پرکہا کہ بھارت اپنے مذموم مقاصد میںکبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ انہوں نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے متعلق بھارتی قیادت کے حالیہ غیر ذمے دارانہ بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے کہاکہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ دورے کے موقع پر فوج کے سربراہ نے افسروں اور جوانوں سے بات چیت کی۔جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج وطن عزیز کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف کو کنٹرول لائن کی تازہ صورتحال اور فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔