مقبوضہ جموں و کشمیر

دورہ پاکستان کا مقصد کشمیریوں کے ساتھ او آئی سی کا اظہار یکجہتی ہے: سیکریٹری جنرل او آئی سی

oic
اسلام آباد10دسمبر(کے ایم ایس) اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل طہ ابراہیم اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز اسلام آباد میںایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ دیرینہ تنازعہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے اور عالمی برادری بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لے ۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر کہاکہ سیکرٹری جنرل اوآئی سی کا دورہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ امت مسلمہ کی یکجہتی کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہاکہ او آئی سی امت مسلمہ کی ترجمان اور مسلم دنیا کا سب سے بڑا نمائندہ پلیٹ فارم ہے۔انہوں نے مسلم امہ کے حوالے سے او آئی سی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ او آئی سی نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق ہونا چاہئے۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ ہم کشمیری بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہاہے اور کشمیری عوام پر مظالم ڈھا رہا ہے ۔ عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہئے اور اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل وزیراعظم محمد شہبازشریف سے ملاقات کریں گے اور اتوارکو آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کے دوران اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ او آئی سی کے 17ویں وزرائے خارجہ اجلاس میں افغانستان کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں ، سفارشات پر عملدرآمد کے حوالے سے سیکرٹری جنرل او آئی سی سے تبادلہ خیال ہوا ۔ اسلامی تعاون تنظیم کا سفارشات پر خاطر خواہ کام خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہاکہ او آئی سی کا افغانستان میں امن و استحکام کے لئے کردار قابل تعریف ہے ۔
سیکرٹری جنرل او آئی سی طہ ابراہیم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ پرتپاک استقبال پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا شکرگزار ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ ان کے پاکستان کے دورے کا مقصد کشمیریوں کے ساتھ او آئی سی کا اظہار یکجہتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان او آئی سی کا بانی رکن ہے اوراسے فعال و متحرک بنانے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری دہائیوں سے اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کررہے ہیں اوراسلامی تعاون تنظیم ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آواز ا ٹھاتی رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ او آئی سی نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ سیکرٹری جنرل نے کہاکہ او آئی سی نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی ہے اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہر غیر قانونی اقدام کی مخالفت کی ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button