سرینگر :میر واعظ، آغا سید حسن کی امت مسلمہ کو عیدالفطر کی مبارکباد
سرینگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے جموںوکشمیر کے عوام سمیت پوری امتِ مسلمہ کو عید الفطر کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے اللہ تعالی سے دعا کی ہے کہ وہ ہمارے روزے، نمازیں اور جملہ عبادات قبول فرمائے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے ، جنہیں بھارتی نتظامیہ نے آج سرینگر میں گھر میں نظر بند رکھ کر نماز جمعہ اداکرنے کیلئے جامع مسجدجانے نہیں دیا ، ایک بیان میں کہا کہ اگرچہ عید خوشی اور شکر کا دن ہے تاہم ہماری خوشی اس وقت تک مکمل نہیں ہوسکتی جب تک فلسطین، ایران اور دیگر مقامات پر لوگ مصائب اور مشکلات کا شکار ہیں اور بہت سے قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔میرواعظ نے کشمیر اور بھارتی جیلوں میںبند کشمیریوں کو بھی یاد کیا اور ان کی خیریت ، سلامتی اور جلد رہائی کے لیے دعا کی۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ موجودہ نامساعد اور تکلیف دہ حالات و واقعات کے تناظر میں عید سادگی کے ساتھ منائیں اور اس موقعے پر غریبوں اور ضرورت مندوں کو ہرگز فراموش نہ کریں۔
دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک اور سینئر رہنما اورانجمن شرعی شیعیاں کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بھی تمام فرزندان توحید کو عید الفطرکی مبارکباددیتے ہوئے اس مقدس گھڑی میں، بالخصوص مظلوم فلسطین، غزہ کے نہتے عوام، اور موجودہ عالمی بحرانوں میں مبتلا انسانیت کے لیے امن، استحکام اور نجات کی دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال عیدالفطر ایسے نہایت حساس اور دردناک حالات میں منائی جا رہی ہے جب عالم اسلام بالخصوص ایران ایک عظیم سانحے اور گہرے صدمے سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ سید علی حسینی خامہ ای سمیت دیگر رہنمائوں کی عظیم قربانیاں ہمیں استقامت، صبر، اور راہ حق میں ثابت قدمی کا وہ درس دیتی ہیں جو تاریخ اسلام کا درخشاں باب رہا ہے
۔ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ میں عوام سے خصوصی اپیل کرتا ہوں کہ وہ عید کے موقع پر اپنے بازوں پر سیاہ کپڑا باندھ کر اپنے غم، احتجاج اور غزہ، فلسطین اور اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ عملی یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔








