نئی دلی: ”این آئی اے“ عدالت آسیہ اندرابی اور انکی ساتھوں کو 2فروری کو سزا سنائے گی

نئی دلی:بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی خصوصی عدالت نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور انکی ساتھیوں فہمیدہ صوفی اور نائیدہ نسرین کو ایک جھوٹے مقدمے میں سزا سنانے کا عمل 2فروری تک ملتوی کر دیا ہے۔ عدالت جھوٹے مقدمے میں پہلے ہی تینوں کو مجرم قرار دے چکی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج چندرجیت سنگھ نے رواں ماہ کی 14تاریخ کو آسیہ اندرابی اور انکی ساتھیوں فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کو کالے قانون یو اے پی اے کی دفعات 18اور38کے تحت مجرم قراردیاتھا۔ تینوں کو سزا آج سنائی جانی تھی تاہم اب یہ دو فروری کو سنائی جائے گی۔
بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے” این آئی اے“ نے آسیہ اندرابی کو اپریل 2018 میں گرفتار کیا تھا۔ان کے خلاف بھارت کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کے ذریعے جنگ چھیڑنے اور مجرمانہ سازش کا مقدمہ درج کیاگیا تھا۔ آسیہ اندرابی نے1987میں آزادی پسند تنظیم دختران ملت کی بنیاد رکھی تھی۔ بی جے پی کی بھارتی حکومت نے بہت سی دیگر آزادی پسند تنظیموں کی طرح دختران ملت پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے ۔







