بھارت میں مسلمانوں کے ووٹ ڈالنے کاحق ختم کر دینا چاہیے:بی جے پی رکن اسمبلی کا نفرت انگیز بیان
پٹنہ17مارچ(کے ایم ایس)
بھارتی ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے حکمران جماعت بی جے پی کے رکن اسمبلی ہری بھوشن ٹھاکر نے مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کرتے ہوئے ملک میں مسلمانوں کو ووٹ ڈالنے کا حق ختم کرنے کامطالبہ کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہری بھوشن ٹھاکر نے پٹنہ میں صحافیوں سے گفتگو میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اور حیدر آباد سے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مسلمان بھارت میں رہے تو تباہی ہوگی اور انکا ووٹنگ کا حق ختم کردینا چاہیے۔ہری بھوشن ٹھاکا یہ نفرت انگیز بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب بہار کی ریاستی اسمبلی میں بجٹ اجلاس کی وجہ سے اسمبلی اور اسکے باہر ہنگامہ آرائی جا ری ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت میں مسلمانوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید زہر افشانی کرتے ہوئے کہاکہ اویسی جیسے لوگ 2047 تک ہندوستان کو ایک اسلامی ملک بنانا چاہتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہاکہ ہندوستان کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کیا گیا، مسلمان پاکستان چلے گئے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی جاگ گئی ہے اور امتیازی سلوک کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
واضح رہے کہ اسد الدین اویسی ہفتہ اور اتوار کو بہار کے مسلم اکثریتی علاقے سیمانچل کا دورہ کر رہے ہیں جہاں وہ ریلیوں اور مارچ کی قیادت کریں گے۔