اقوام متحدہ : بھارتی سفیر نے پریس کانفرنس میں تنازعہ کشمیر سے متعلق صحافی کے سوال کو نظر انداز کردیا
اقوام متحدہ 24اگست (کے ایم ایس)
اقوام متحدہ میں بھارت کی مستقل سفیر روچیرا کمبوج نے بھارتی خلائی جہازچندریان3کے چاند پرکامیابی سے اترنے کے حوالے سے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران تنازعہ کشمیر کے حوالے سے سوال کونظرانداز کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران ایک فلسطینی صحافی نے بھارتی سفیر سے سوال کیاکہ کیابھارت کی یہ کامیابی کشمیریوں کے حق خودارادیت کے استعمال کے ذریعے تنازعہ کشمیر کے حل کاباعث بنے گی ۔ تو انہوں نے کہا کہ یہ اس طرح کے سوالوں کا موقع نہیں ہے ۔تنازعہ کشمیر فلسطینی صحافیوں کے تین حصوں پر مشتمل سوال میں شامل تھاجبکہ سوال کے دیگر حصے برکس کی توسیع اور اپنا مشن چاند پر بھیجنے میں کامیابی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مستقل نشست کے حصول میں مددگار ہونے سے متعلق تھے ۔تنازعہ کشمیر سے متعلق صحافی کے سوال نظرانداز کرتے ہوئے بھارتی سفیر نے کہاکہ آج خوشی کا دن ہے اور ہم ہندوستان کی کامیابی اور درحقیقت پوری انسانیت کی کامیابی پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔تاہم انہوں نے مزیدکہاکہ آپ کے سوالات بہت مناسب ہیں اور وہ کسی اور موقع پر ان سوالات کا جواب دیں گی ۔