نماز جمعہ کے خطبات میں بھارت میں مسلم خاتون کا حجاب اتارنے کے واقعے کی مذمت کی جائیگی، حافظ طاہر اشرفی
اسلام آباد:
پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ دنیا میں اس وقت بھارت سب سے بڑی دہشت گرد ریاست ہے، بھارت کی اس دہشت، وحشت اور بربریت کے خلاف پوری دنیا کو کھڑا ہونا ہو گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حافظ طاہر محمود اشرفی نیایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دنیا بھر میں نماز جمعہ کے خطبات میں بھارت میں خاتون ڈاکٹر کا نقاب اتارنے اور آسٹریلیا میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نے ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کا حجاب زبردستی اتارنے کی کوشش کی،جس کی دنیا بھرمیں مذمت کاسلسلہ جا ری ہے اور اقوام متحدہ سے لے کر عالمی انسانی حقوق کے اداروں نے اس امر کو ناپسندیدہ اور شرمناک قراردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حجاب مسلمانوں کا شعار ہے، اسلام کی تعلیمات میں حجاب کے حوالے سے واضح احکامات ہیں۔ پاکستان علما کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور عالم اسلام کے تمام ممالک میں خطبات جمعہ میں اس عمل کی مذمت کی جائے گی اورقراردادیں منظور کی جائیں گی۔ اس موقع پر آسٹریلیا میں ہونے والے دہشت گردی کی بھی مذمت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے حقوق غصب کئے جا رہے ہیں۔ آسٹریلیا میں جو دہشت گردی ہوئی ہے، اس دہشت گرد کا تعلق بھی بھارت کے شہر حیدر آباد دکن سے ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی اس دہشت، وحشت اور بربریت کے خلاف پوری دنیا کو کھڑا ہونا ہو گا، بھارت میں مسیحی برادری کے مقدس ایام کے دوران ان پر گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، اس طرف تمام عالم کو توجہ دینا ہو گی۔







