بھارتی پولیس نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں متعددبے گناہ نوجوان گرفتارکرلئے
سرینگر23ستمبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے مختلف علاقوں سے متعدد بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے سرینگر کے علاقے نوہٹہ سے دس نوجوانوں کو گرفتار کیا۔پولیس نے حال ہی میں ضلع اسلام آباد کے علاقے گڈول کوکر ناگ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ایک پرتشدد فوجی آپریشن کے دوران شہید ہونے والے دو نوجوانوں کی تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کرنے پرضلع پلوامہ سے عاشق احمد خان نامی ایک نوجوان کو گرفتار کیا ۔ایک اور نوجوان کو بھارتی فوجیوں اور پولیس نے ضلع بارہمولہ کے علاقے پٹن میں قائم ایک چوکی سے گرفتار کر لیا۔بھارتی فورسز کے اہلکار روزانہ کی بنیاد پر بے گناہ کشمیریوں کو بلا وجہ گرفتار کر رہے ہیں۔ وہ ان افراد کی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لئے اکثر ان کو مجاہد تنظیموں کے کا رکن قرار دیتے ہیں۔