بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی مقتل میں تبدیل کردیاہے،ڈی ایف پی
سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی تنظیم ”ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی“ (ڈی ایف پی) نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی میں تیزی کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بارہمولہ، کولگام اور راجوری کے علاقوں میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہریوں کے بے رحمانہ قتل کا ذکر کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے کو مقتل میں تبدیل کر دیا ہے جہاں بے گناہ لوگوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں جنہیں کالے قوانین کے تحت مکمل استثنیٰ حاصل ہے نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔
ترجمان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری خونریزی اور تشدد کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف گھناﺅنے جرائم پر بھارتی حکومت کا محاسبہ کرے۔