کانگریس بی جے پی حکومت کی دھوکہ دہی کو بے نقاب کرتی رہے گی: رمن بھلہ
جموں: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس کے ورکنگ صدر رمن بھلہ نے کہا ہے کہ کانگریس مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کرتی رہے گی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق رمن بھلہ نے جموں کے حلقہ باہو کے لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اورجموں و کشمیر میں لوگوں کو مودی حکومت کی اختیار کردہ پالیسیوں کی وجہ سے بدترین صورتحال کا سامنا ہے تاہم کانگریس بی جے پی حکومت کو لوگوں کو دھوکہ دینے اور انہیں ہر لحاظ سے مایوس کرنے پر جوابدہ بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے جموں و کشمیر کو ایک تجربہ گاہ بنا دیا ہے جہاں وہ اپنے سیاسی مفادات کی تکمیل کے لیے وقتا فوقتا تجربات کر رہی ہے جبکہ لوگوں کا سب کچھ چھیننے کے بعد ان کے جمہوری حقوق بھی سلب کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حقیقت کو جاننے کے بعد کہ وہ 5 اگست 2019کے بعد جس چیز کی توقع کررہی تھی اسے حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے، لوگوں کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کے لیے کئی مہمات شروع کی گئیں۔ انہوں نے کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ لوگ اپنی رائے نہیں بدلیں گے اور بی جے پی نے جو کچھ جموں وکشمیر میں کیا،لوگ اس کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔