مقبوضہ جموں و کشمیر

فاروق رحمانی کا نذیر احمد شاہ کو ان کے 31ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت

اسلام آباد:جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین اور کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی نے شہید نذیر احمد شاہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے جنہیں 31سال قبل بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں شہید کیا تھا۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے ایک بیان میں کہا کہ نذیر احمد شاہ نے1980اور 1990کی دہائیوں میں تحریک آزادی کشمیرمیں نمایاں کردار ادا کیاہے،انہوں نے اپنی جوانی کو جدوجہد آزادی کے لیے وقف کر دیا اور بالآخر 16جون 1994کو جام شہادت نوش کیا جب وہ جموں و کشمیر جہاد فورس کے چیف کمانڈرتھے۔فاروق رحمانی نے شہید کی بلندی درجات کے لئے دعا کی۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ نذیر احمد شاہ اور تحریک مزاحمت کے دیگر شہدا ء کی قربانیوں کو یاد رکھیں اورانہیں خراج عقیدت پیش کریں۔ انہوں نے کشمیری عوام کو مودی حکومت کے نوآبادیاتی ایجنڈے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی نے مقامی آبادی کو اپنے ہی وطن میں اجنبی بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نام نہاد ترقیاتی منصوبے چاہے وہ سڑکوں کی تعمیر ہو یا ریل کا بنیادی ڈھانچہ ، دراصل فوجی قبضے کو طول دینے اور کشمیریوں کی زمینوں اور گھروں کو غصب کرنے کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس طرح فلسطین میں ظالم صیہونی حکومت کررہی ہے۔

دریں اثناء فاروق رحمانی نے بھارتی حکام کی جانب سے تحریک آزادی کے رہنما عبدالحمید لون کی جائیداد ضبط کرنے کی بھی شدید مذمت کی۔ انہوں نے اسے انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کے ظلم وبربردیت سے آزادی اور حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button