پاکستان کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے: ایاز صادق

اسلام آباد:قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے آزاد جموں و کشمیر کے 78ویں یومِ تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی آزادی اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ہمیشہ ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سردار ایاز صادق نے کشمیری شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ان بہادر کشمیریوں کی جدوجہد کو یاد کرنے کا موقع ہے جنہوں نے بھارتی ظلم و جبر کے باوجود آزادی کی شمع روشن رکھی۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام نے اپنے حقِ خودارادیت کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ان کی جدوجہد تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کشمیر کی آزادی تکمیل پاکستان کا ایک لازمی حصہ ہے اور یہ مقصد پاکستانی قوم کے دلوں میں گہرائی سے پیوست ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنے اخلاقی و قانونی فرائض ادا کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے موثر کردار ادا کرے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں عالمی ضمیر کیلئے ایک بڑا امتحان ہیں، لہذا دنیا کو فوری طور پر اس انسانی بحران کے خاتمے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔کشمیر کاز کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان تمام علاقائی اور عالمی فورمز پر کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ اور عوام حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔






