مقبوضہ جموں وکشمیر میں مزید152 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص
سرینگر07نومبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مزید152 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جن میں سے 135کا تعلق وادی کشمیرسے، 16کا تعلق جموں خطے سے اور ایک کا تعلق لداخ خطے سے ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جن لوگوں کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ان میں سرینگر سے 79، بارہمولہ سے 14، بڈگام سے 12، پلوامہ سے 1، کپواڑہ سے 7، اسلام آباد سے 3، بانڈی پورہ سے 9، گاندربل سے 10، جموں سے پانچ، ریاسی سے چار، ڈوڈہ اور پونچھ اضلاع سے تین تین اورراجوری اور لہہ اضلاع سے ایک ایک کیس شامل ہیں۔ادھرسرینگرکی ضلعی انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ سرینگرمیں کورونا وبا کی تیسری لہرآسکتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر سرینگر اعجاز اسد نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے میں لال بازار سے 20 ، بمنہ سے 17 اور چھانہ پورہ سے 18 مثبت کیس رپورٹ ہوئے ہیں جو بالکل بھی اچھا رجحان نہیں ہے۔
دریں اثناءمقامی لوگوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرینگر میں کورونا مریضوں میں اضافے کی وجہ قابض حکام کی جانب سے کورونا ایس او پیز کی بار بار خلاف ورزی ہے۔