مقبوضہ جموں وکشمیر : کانگریسی رہنماﺅں غلام احمد میر ، عبدالمجید وانی کو گرفتار کر لیا تھا
سرینگر 27اگست (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انڈین نیشنل کانگریس نے کہا ہے کہ حکام نے پارٹی کے صدر غلام احمد میر اور جنرل سیکرٹری عبدالمجید وانی کو گرفتار کرلیا ہے اور انہیں کشتواڑ میں پارٹی کے زخمی کارکنوں سے ملنے کی اجازت نہیں دی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانگریس نے ایک بیان میں کہا کہ غلام احمد میر کو سنتھان ٹاپ Sinthan Top کے قریب آلو فارم پر جبکہ عبدالمجید وانی کو ٹھاٹھری میں حراست میں لیا گیا۔
کانگریس نے اپنے بیان میں مزیدکہا کہ پارٹی کے سینئر رہنماﺅں اور قانون ساز اسمبلی کے سابق ارکان نے غلام احمد میر اور عبدالمجید وانی کو حراست میں لینے کی حکام کی کارروائی کی شدید مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا انہیں ضلع کشتواڑ میں داخل ہونے سے روک دیا جہاں پولیس نے لاٹھی چارج کر کے کانگریس کے بیسیوں کارکنوں کو زخمی کر دیا تھاجو بھارتی حکومت کی غلط پالیسیوں کے خلاف پرامن طور پر احتجاج کر رہے تھے ۔