مقبوضہ جموں و کشمیر
نیشنل کانفرنس دفعہ 370 اور دیگر حقوق کی بحالی کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی:آغا روح اللہ
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں نیشنل کانفرنس کے رہنما اور سرینگر سے رکن پارلیمنٹ آغا سید روح اللہ مہدی نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی دفعہ370 اور عوام سے چھینے گئے دیگر حقوق کی بحالی کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آغا روح اللہ مہدی نے سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ وہ کشمیریوں کو نظرانداز کرنے اور ان کے حقوق سلب کرنے والی قوتوں کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاہم وقار کے ساتھ لڑیں گے کیونکہ عوام نے اپنے خدشات کا اظہار کرنے کے لیے اپنے نمائندے منتخب کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم بھارتی حکومت کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رکھنا چاہتے ہیں لیکن ہم اس دوستی کو اپنی عزت اور وقار کی قیمت پر قبول نہیں کریں گے کیونکہ اس کے لیے ہمیں عوام سے مینڈیٹ نہیں ملا ہے۔