بھارت کے ساتھ کشیدگی کے باعث کینیڈا کے اپوزیشن لیڈر نے دیوالی کی تقریب منسوخ کر دی
اوٹاوا: بھارتی حکام پر کینیڈا میں خالصتان نواز سکھوں کو نشانہ بنانے کے الزام کے بعد بھارت ۔کینیڈا کشیدگی کے دوران ملک کے اپوزیشن لیڈر پیئر پوئیلیور نے پارلیمنٹ ہل میں بیرون ملک مقیم بھارتیوں کی طرف سے منعقد کی جانے والی دیوالی کی تقریب منسوخ کردی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تقریب کے منتظم اوورسیز فرینڈز آف انڈیا کینیڈا (OFIC)نے اچانک منسوخی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے فیصلے کو بے حسی اور امتیازی سلوک قرار دیا۔اوورسیز فرینڈز آف انڈیا کینیڈا کے صدر بھاسکر نے کہا کہ گزشتہ برسوں کی تقریبات میں پیئر پوئیلیورسمیت اہم سیاسی شخصیات نے شرکت کی ہے اوررواں سال تقریب کی منسوخی سے بھارتی کمیونٹی میں بہت سے لو گ اسے دھوکہ دہی اور ناانصافی سمجھتے ہیں۔ بھاسکر نے ایک بیان میں Poilievreسے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی نژاد کینیڈین شہریوں کو اوٹاوا اور نئی دہلی کے درمیان کشیدگی کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ جہاںسفارتی مسائل پیچیدہ ہیں، انہیں بھاتی نژاد کینیڈینوں کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کا جواز نہیں بنانا چاہئے جن کا بھارتی حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔گزشتہ سال دیوالی کی تقریب میں جس میں Poilievreاور بھارت کے اس وقت کے ہائی کمشنر سنجے کمار ورما نے بھی شرکت کی تھی، 500سے زیادہ مہمان شریک ہوئے تھے۔بھاسکر نے کہاکہ اس واقعے سے منظم امتیاز کے گہرے مسائل بے نقاب ہوئے ہیں اورسیاسی حمایت کی اچانک واپسی ان تعصبات کو نمایاں کرتی ہے جو اب بھی کینیڈا میں موجودہیں۔