بھارتی فوجیوں نے چھتیس گڑھ میں تین افراد ہلاک کر دیے
رائے پور:بھارت کی شورش زدہ ریاست چھتیس گڑھ میں بھارتی فوجیوں نے تین افراد کو ایک جعلی مقابلے میں ہلاک کر دیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ان افراد کو ضلع بیجاپور میں ریکھاپلی اور کومت پلی کے قریب پہاڑیوں میں ایک فوجی آپریشن کے دوران ہلاک کیاگیا۔ پولیس نے ہلاک ہونے والوں کو کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ )کے جنگجو قرار دیا۔تاہم متاثرین کے اہل خانہ نے بتایا کہ مقتول مائو نواز نہیں تھے اور انہیں جعلی مقابلے میں مارا گیا ہے۔ اہل خانہ نے بتایاکہ ان کودوران حراست قتل کیاگیا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان ہلاکتوں سے ریاست کے بستر علاقے میں جو مائو نوازوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، رواں سال ہلاک ہونے والے مشتبہ مائو نوازوں کی مجموعی تعداد 192ہو گئی ہے۔چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ، اڑیسہ، مغربی بنگال، آندھرا پردیش اور مہاراشٹر سمیت کئی بھارتی ریاستوں میں1947سے سرگرم ما ئونواز اور مارکسی تحریکیں بھارتی تسلط سے آزادی کا مطالبہ کر رہی ہیں۔