بھارتی فورسز نے کشمیریوں کی زندگی جہنم بنا دی ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ علاقے میں تعینات دس لاکھ سے زائد بھارتی فورسزاہلکاروں نے نہتے کشمیریوں کی زندگی جہنم بنا دی ہے ، مودی حکومت نے اگست 2019کے بعد مقبوضہ علاقے کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر کے کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کرلیے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ لاکھوں بھارتی فوجیوں کی موجودگی کی وجہ سے مقبوضہ جموں وکشمیر اس وقت دنیا کا سب سے بڑا فوجی تعیناتی والا علاقہ بن چکا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی فورسز اہلکاروںجنہیں کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کے تحت بے لگام اختیارات حاصل ہیں ، نے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں محاصرے اور تلاشی کی پر تشدد کارروائیوںکا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ انہوںنے کہا کہ قابض بھارتی فوجیوں کے تلاشی آپریشنوں، تشدد ، توڑ پھوڑ اور بلا جواز گرفتاریوں کی وجہ سے کشمیریوں کا جینا دو بھر ہوچکا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو آزادی کے مطالبے کی پاداش میں بڑے پیمانے پر انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر بم دھماکے میں شہید ہونے والی خاتون عابدہ کوشاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ خاتون تین نومبر کو سرینگر کے ایک بازار میں ہونے والے پراسرار دھماکے میں زخمی ہونے کے بعد گزشتہ روز ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ ترجمان نے کہاکہ بھارتی ایجنسیاں کشمیریوں کی حق پر مبنی تحریک آزادی کو بدنام کرنے کیلئے اس طرح کے دھماکے کراتی ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کے حل کے بغیر پائیدار امن و استحکام کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے عالمی رہنماو¿ں پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے کے لیے اپنا ضروری کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیراور فلسطین کے تنازعا ت کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
ادھرانٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے بھی سرینگر میں ایک بیان میں دستی بم کے دھماکے میں زخمی ہونیوالی کشمیری خاتون عابدہ کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیاہے ۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے میں پراسرار دھماکوں میں کشمیریوں کے قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش ظاہر کی ۔ احسن اونتو نے ان دھماکوں میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرنے کے لیے ایک آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔