بی جے پی حکومت انہیں تشدد سے متاثرہ ضلع سنبھل جانے کی اجازت نہیں دے رہی ہے : راہل گاندھی
نئی دلی:
بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنماء اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے مودی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تشدد سے متاثرہ ریاست اتر پردیش کے ضلع سنبھل جاناچاہتے تھے تاہم بی جے پی حکومت نے انہیں وہاں جانے سے روک دیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے ایک بیان میں کہاکہ بطور اپوزیشن لیڈر یہ ان کا آئینی حق ہے وہ پولیس کی فائرنگ میں جاں بحق ہونے والے مسلمانوںکے اہل خانہ سے مل کر تعزیت کریں ۔تاہم بی جے پی حکومت نے انہیں تنہا جانے کی بھی اجات نہیں دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ محفوظ طریقے سے سنبھل جانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن پولیس انہیں جانے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔راہل گاندھی نے کہاکہ انہوں نے مودی حکومت کو اکیلے سنبھل جانے کی بھی پیش کش کی تھی لیکن اسے بھی قبول نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ وہ آئین کے تحفظ کے لیے لڑتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ یہ ہے نریندر مودی کا نیا ہندوستان جہاں آئین کو ختم کیا جارہا ہے ۔ تاہم انہوں نے کہاکہ لیکن ہم لڑتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایک مقامی عدالت کے حکم پر جامع مسجد سنبھل کے سروے کے دوران فرقہ وارانہ تشدد میں پولیس کی فائرنگ سے کم سے کم چھ مسلمان جاں بحق ہو گئے تھے ۔