مودی حکومت بھارت کو مہاراجوں کے دور میں واپس دھکیل رہی ہے: راہل گاندھی
نئی دلی: بھارت میں حزب اختلاف کی مرکزی جماعت کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی نے مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ کو منسوخ کرنے پر مودی حکومت کوکڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ یہ ملک کو "مہاراجوں” کے دور میں واپس دھکیلنے کی ایک کوشش ہے جہاں تمام تر اختیارات چند لوگوں کے پاس موجود تھے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق راہل گاندھی نے ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت چاہتی ہے کہ مزدوروں سے اپنے معاوضوں پر بات چیت کا حق چھیننالیا جائے اور پنچایت نظام کو کمزور اور تمام تر اختیارات مرکزی حکومت کے پاس ہوں۔2005میں نافذ ہونے والامنریگا ایکٹ دیہی گھرانوں کو سالانہ 100 دن کی اجرت اورروزگار کی ضمانت دیتا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کی طرف سے متعارف کرایاگیانیا وکسٹ بھارت ایکٹ ( روزگار اجیویکا مشن ایکٹ کیلئے گارنٹی)مزدوروں کے اس حق کو کمزور کرتا ہے اور مالی بوجھ کو ریاستوں پر منتقل کرتا ہے۔راہل گاندھی کی مودی حکومت پر تنقید اایک اس وقت سامنے آئی ہے جب کانگریس پارٹی نے ملک گیر مہم "منریگا بچائو سنگرام” کا آغاز کیا ہے تاکہ اس ایکٹ کی منسوخ کے خلاف زبردست احتجاج کیا جا سکے۔








