چھتیس گڑھ : مائونواز باغیوں نے دو سابق سرپنچوں کو قتل کردیا
بیجاپور:بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے شورش زدہ ضلع بیجاپور میں مائو نواز باغیوں نے دو سابق سرپنچوں کو اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قتل کئے گئے سرپنچوں میں سے ایک کا تعلق حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی سے تھا جسے پارٹی چھوڑنے کی دھمکیوں کے باوجود بی جے پی کے ساتھ وابستگی ترک نہ کرنے پر قتل کیا گیا۔مائونوازباغیوں نے قتل کئے گئے سرپنچوں کی لاشوں کے ساتھ ایک پیغام بھی چھوڑا ہے جس میں بی جے پی کارکنوں کو پیغام دیا گیا ہے کہ وہ یا تو پارٹی چھوڑ دیں یا پھر مرنے کیلئے تیار ہوجائیں۔گزشتہ روز سکھرام اولم اور بی جے پی لیڈر سکلو فارسا کی لاشیں ضلع کے مختلف مقامات سے برآمد ہوئی تھیں ۔ ان دونوں کو ایک روز قبل باغیوں نے اغوا کیا تھا۔گزشتہ سال فروری سے،ریاست کے بستر ڈویژن میں بی جے پی کے 11عہدیداروں اور کانگریس کے تین کارکنوں کو قتل کیاگیا ہے ۔ مائونوازباغیوں نے بی جے پی کارکنوں کو دھمکی دی ہے کہ اگر انہوں نے پارٹی نہیں چھوڑی تو انہیں قتل کردیاجائیگا۔3دسمبر کی رات کو، فارسا کو اڈواڑہ سے اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ ایک جنازے میں شرکت کے لیے بھیرام گڑھ میں موجود تھا۔ ریاست میں بلدیاتی انتخابات سے قبل سابق سرپنچوںکو قتل کیاگیا ہے۔