بھارت :جونپور کی تاریخی اٹالا مسجدکا معاملہ الہ آباد ہائی کورٹ پہنچ گیا
لکھنو:بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر جونپور کی تاریخی اٹالا مسجد کو متنازعہ بنانے کی ہندو انتہاپسندوں کی کوششیں جاری ہیں اوریہ معاملہ اب الہ آباد ہائی کورٹ تک پہنچ گیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسجد انتظامیہ نے ضلعی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ موجودہ مسجد کی جگہ پہلے اٹلا دیوی مندر تھا۔ یہ تنازعہ اس وقت شدت اختیار کر گیا جب رواں سال سوراج واہنی ایسوسی ایشن نے جونپور ڈسٹرکٹ کورٹ میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مسجد کی جگہ پہلے ایک مندر تھا۔ تاہم مسجد انتظامیہ کی طرف سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ مدعی کو مقدمہ دائر کرنے کا کوئی حق نہیں۔ یہ جگہ ہمیشہ سے مسجد کے طور پر استعمال ہوتی آئی ہے اور کبھی کسی دوسرے مذہب کے قبضے میں نہیں رہی۔مسجدانتظامیہ کی درخواست میںکہا گیا کہ اٹالا مسجدکی تعمیر 1398ء میں ہوئی اور اس کے بعد سے یہاں مسلم برادری نمازِ جمعہ سمیت باقاعدہ نماز ادا کرتی آئی ہے۔ مقدمے کی اگلی سماعت 9 دسمبر 2024کو الہ آباد ہائی کورٹ میں ہوگی جہاں عدالت یہ فیصلہ کرے گی کہ اس تنازعے کو کس طرح حل کرنا ہے۔
دریں اثناء آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے اس تنازعے پر سخت ردعمل کا اظہارکیاہے۔ انہوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ بھارت کے لوگوں کو ایسے تاریخی جھگڑوں میں الجھایا جا رہا ہے جن کا کوئی وجود ہی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کوئی بھی ملک مہا شکتی نہیں بن سکتا اگر اس کی 14فیصد آبادی ایسے دبائو کا سامنا کرتی رہے۔ انہوں نے کہاکہ ان تنازعات کے پیچھے حکومت کا ہاتھ کارفرما ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عبادت گاہ ایکٹ کی حفاظت کی جائے۔