حریت کانفرنس کا نظر بندحریت رہنماﺅں ، کارکنوںکی حالت زار پر اظہار تشویش
بھارت نظربندوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہا ہے، ترجمان
سری نگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنماوں اور کارکنوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کاففرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس کا اظہار کیا کہ نظربند رہنماﺅں اور کارکنوں کو جیلوں میں طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اکثرنظر بندوں کی صحت کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت سیاسی نظربندوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے ۔
انہو ں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ، انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر اور بھارت کی جیلوںمیں بند کشمیریوں کی حالت زار کا نوٹس لیکر انکی رہائی کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالیں۔
بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، نعیم احمد خان، فاروق احمد ڈار، شاہد الاسلام، سید شکیل یوسف، سید شاہد یوسف، ڈاکٹر حمید فیاض، امیر حمزہ، مشتاق الاسلام، محمد یوسف میر، محمد یوسف فلاحی، مظفر احمد ڈار، مولوی بشیر عرفانی، بلال صدیقی، عبدالاحد پرہ، ظفر اکبر بٹ، فردوس احمد شاہ، عمر عادل ڈار، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر عبدالرحمٰن ، محمد شفیع شریعتی، ڈاکٹر غلام محمد بٹ، عادل زرگر، اسد اللہ پرے، ظہور احمد بٹ، فیاض حسین جعفری اور دیگر کی صحت کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان میں سے بہت سے لوگ برسہا برس سے قید ہیں اور انہیں جموںوکشمیر پر غیر قانونی بھارتی قبضے کی چیلنج کرنے کی پاداش میں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ترجمان نے نظربندوں کے عزم وہمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جیل کی سختیاں ان کے جذبے کو توڑنے میں ناکام رہی ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ نظربندوں کی حالت زار کا نوٹس لیں ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے واضح کیا کہ تنازعہ کشمیر کو حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن و سلامتی ہرگز ممکن نہیں ۔ انہوںنے کہا کہ اقوام متحدہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ جموںوکشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔KMS-05/M






