یکساں سول کوڈ ، وقف ترمیمی بل نفرت پھیلانے کے مودی حکومت کے منصوبہ کا حصہ ہیں ، طارق حمید قرہ
جموں: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس کے صدر طارق حمید قرہ نے کہا ہے کہ یکساں سول کوڈ اور وقف ترمیمی بل نفرت پھیلانے اور لوگوں کو تقسیم کرنے کے مودی حکومت کے منصوبے کا حصہ ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق طارق حمید قرہ نے جموں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نفرت پھیلانے والے حکمرانوں سے آزادی حاصل کرنے کا وقت آگیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ یکساں سول کوڈ اور وقف ترمیمی بل ملک میں نفرت پھیلانے کے مودی حکومت کے منصوبے کا حصہ ہیں۔انہوں نے بی جے پی کی زیرقیادت حکومت کی طر ف سے اتراکھنڈ میں یکساں سول کوڈ کا نفاذ اورمشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی طر ف سے حزب اختلاف کے اراکین کی طرف سے پیش کردہ تمام ترامیم کو مسترد کئے جانے کے بارے میں صحافیوں کے سوال کے جواب میں کہاکہ مودی حکومت نے ملک میں نفرت پھیلانے کی پالیسی کے تحت اقلیتوں خصوصا مسلمانوں کے خلاف ایک مہم شروع کر رکھی ہے۔انہوںنے حیرانگی کا اظہار کیاکہ بی جے پی حکومت 140کروڑ آبادی کے ملک میں ہندوئوں کوخطرہ ہونے کی دعویدار ہے جس میں مسلمانوں کی مجموعی تعداد صرف 17کروڑ ہے ۔انہوں نے سوال کیاکہ اقلیت کیسے اکثریت کیلئے خطرہ بن سکتی ہے ۔طارق حمید قرہ نے کہاکہ بی جے پی ”ابھی نہیں تو کبھی نہیں” کے نعرے کے ذریعے نفرت پھیلارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی اقتدار میں رہنے کیلئے تمام اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے ۔