اقبال اکیڈمی مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوئوں پر علمی تحقیق کرے گی: ڈاکٹر عبدالرئوف
لاہور:اقبال اکیڈمی پاکستان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالرئوف رفیقی نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے اور اس کے حل کے لیے جدوجہد جائز ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انہوں نے یہ بات جموں وکشمیر لبریشن سیل لاہور میں کشمیر سنٹر کے انچارج انعام الحسن سے ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران کہی۔ انعام الحسن نے ڈاکٹر رفیقی کو جموں و کشمیر لبریشن سیل کے مقاصد اور سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ڈاکٹر رفیقی نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری تحریک آزادی کے لیے رہنمائی کا کام کرتی ہے۔ انہوں نے کشمیر کاز کے فروغ کے لیے جموں و کشمیر لبریشن سیل کے ساتھ تعاون کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقبال اکیڈمی مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوئوں پر علمی تحقیق کرے گی۔ڈاکٹر رفیقی نے یونیورسٹیوں پر زور دیا کہ وہ اس موضوع پر نئے تحقیقی شعبے متعارف کرائیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیرکے بارے میں لٹریچر پاکستانی سفارت خانوں میں دستیاب کرایا جائے تاکہ سفارت کاروں کو اس کی موثر وکالت کرنے میں مدد ملے۔