دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں اورفلسطینیوں کو بنیادی حقوق سے محروم نہیں کر سکتی:وزیر اطلاعات آزادکشمیر
باغ: آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات مولانا پیر مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں اور فلسطینیوں کوغیرملکی قبضے سے آزادی حاصل کرنے سے نہیں روک سکتی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پیر مظہر نے ان خیالات کا اظہار باغ آزاد جموں و کشمیر میںعلامہ اقبال اسکول کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پیر مظہر نے کہا کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں نے طاقتور ملکوں کا مقابلہ کر کے ثابت کر دیا ہے کہ وہ آزادی کے بغیر کوئی حل قبول نہیں کریں گے۔وزیراطلاعات نے تحریک آزادی کشمیرکے اس اہم مرحلے پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے مکروہ چہرے کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی حکومت دنیا بھر میں انسانی حقوق کی مختلف تنظیموں کے سامنے مسئلہ کشمیر اٹھانے کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں، کشمیر کی جدوجہد آزادی کشمیریوں کے پیدائشی حق یعنی حق خود ارادیت کے حصول تک جاری رہے گی۔وزیر اطلاعات نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا ء کو شیلڈز اور میڈلز پیش کیے اور بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔