تعزیت

مقبوضہ کشمیر :عوامی مجلس عمل کا میر واعظ کے سسر کے انتقال پراظہاررنج و غم

سرینگر: جموں و کشمیر عوامی مجلس عمل نے تنظیم کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق کے سسر ڈاکٹر غلام سبطین مسعودی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ممتاز سماجی شخصیت اور معالج ڈاکٹر مسعودی کاگزشتہ روز سری نگر میں طویل علالت کے بعد انتقال ہو گیاتھا۔عوامی مجلس عمل نے مرحوم ڈاکٹر مسعودی کو ان کی نمایاں سماجی اور انسانی خدمات پرزبردست خراج عقیدت پیش کیاہے۔عوامی مجلس عمل کی قیادت اور اراکین نے ڈاکٹر سبطین مسعودی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے میر واعظ عمر فاروق اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔عوامی مجلس عمل نے مرحوم کی بلندی درجات اور سوگوار خاندان کے لیے صبرجمیل کی بھی دعا کی ہے ۔عوامی مجلس عمل نے ایک بیان میں جامع مسجد سرینگرمیں مرحوم کی نماز جنازہ کی ادائیگی پرقابض حکام کی طرف سے عائد کی گئی پابندی کی شدید مذمت کی ہے ۔ بیان میں کہاگیاہے کہ دکھ اور غم کے لمحات میں قابض حکام کی طرف سے ایسا جارحانہ اقدام انتہائی قابل مذمت ہے ۔مرحوم کی نماز جنازہ بعد ازاں برزلہ میں ادا کی گئی۔ میر واعظ عمر فاروق نے نماز جنازہ پڑھائی جبکہ نماز جنازہ میں مذہبی، سیاسی، سماجی تنظیموں کے سربراہان کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مرحوم کو پامپور کے علاقے کھریو میں ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button