شوپیاں: کٹھ پورہ گاﺅں کے رہائشی بجلی کی بندش کے باعث سخت مشکلات سے دوچار
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ضلع شوپیاں کے گاﺅں کٹھ پورہ کے رہائشیوں کو گزشتہ چھ روز سے بجلی کی بندش کا سامنا ہے جسکی وجہ سے وہ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مودی حکومت اس بات کا دعوی کرتی نہیں تھکتی کہ دفعہ 370کے خاتمے کے بعد مقبوضہ جموںوکشمیر میں امن قائم ہوا اور علاقہ تعمیر و ترقی کی طرف گامزن ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ علاقے کے لوگ تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔حالیہ برف باری نے بھی تعمیر و ترقی کے مودی حکومت کے دعوﺅں کو بے نقاب کر دیا ہے ۔برف باری کی وجہ سے پانی و بجلی کا مسئلہ مزید سنگین ہو گیا ہے۔ سرینگر سمیت اکثر قصبوں اور دیہات میں اکثر بجلی غائب رہتی ہے ۔
کٹھ پورہ کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ حکام نے انکے علاقے کو بالکل نظر انداز کر دیا ہے ، رمضان کے اس بابرکت مہینے میں بھی ہمیں تکلیف اٹھانی پڑتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگر بجلی کا مسئلہ فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو وہ احتجاج کیلئے سڑکوں پرآنے کیلئے مجبور ہونگے۔






