بھارت:مغل بادشاہ اورنگزیب عالمگیر کی تعریف کرنے پر مسلم رکن اسمبلی کی رکنیت معطل
نئی دلی:بھارت میں مغل بادشاہ اورنگزیب عالمگیر کی تعریف کرنے پر مسلم رکن اسمبلی کی رکنیت معطل کر دی گئی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سماج وادی پارٹی کے مسلم رکن ابو عاصم اعظمی کو مغل بادشاہ اورنگزیب عالمگیر کی تعریف کرنے پر مہاراشٹر کی قانون ساز اسمبلی سے رواں اجلاس تک کے لیے معطل کر دیا گیا۔ اس اقدام کو اظہار رائے کی آزادی کے منافی قرار دیا جارہا ہے۔مہاراشٹر اسمبلی میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں نے سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی کے ایک بیان پر زبردست ہنگامہ آرائی کی جس میں انہوںنے مغل بادشاہ اورنگ زیب عالمگیر کی مبینہ طور پر تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک عظیم حکمراں قراردیا تھا۔بی جے پی کے ایک رہنما نے ایوان میں یہ کہتے ہوئے اعظمی کی معطلی کی قرارداد پیش کی کہ اورنگ زیب کی تعریف مراٹھا حکمراں چھترپتی شیواجی مہاراج اور ان کے بیٹے چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی توہین کے مترادف ہے اور ابوعاصم کے بیان سے ایوان کا وقار مجروح ہوا ہے۔ بعض اراکین نے اعظمی کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ہنگامہ آرائی کے درمیان اعظمی کی معطلی کی تحریک اتفاق رائے سے منظور کر لی گئی اور 26مارچ تک انکی رکنیت معطل کر دی گئی ہے ۔
ادھرتجزیہ کاروں کے مطابق یہ واقعہ 2014 میں بھارت میں مودی حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد حقائق کی جگہ فرضی کہانیوں کو پیش کرنے اور مسلم دشمنی کے مسلسل بڑھتے ہوئے واقعات کی ایک اور مثال ہے۔ بھارت میں مسلم دشمنی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ اب کسی عام آدمی کی شکایت پر بھی مسلمانوں کے خلاف فورا مقدمہ درج کرلیا جاتا ہے اور اس کے گھر اور املاک کو مسمار کردیا جاتا ہے۔







