APHC

بھارتی وزارت داخلہ کشمیرپربے بنیا د بیانیے کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے ، حریت کانفرنس

سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی وزارت داخلہ حق پر مبنی کشمیریوںکی جدوجہد کو کمزوراور حریت قیادت کو بدنام کرنے کیلئے ایک بے بنیاد بیانیے کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہے لیکن وہ اپنے مذموم ارادوں میں کبھی کامیاب نہیںہو گی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے فورسز اور ایجنسیوں کو پر امن جدوجہد پر یقین رکھنے والے کشمیریوں کو خوف ودہشت کا شکار کرنے اور تحریک آزادی کے راستے سے ہٹانے کیلئے جبر و استبداد کا ہر ہتھکنڈہ استعمال کرنے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حریت کیمپ کے خلاف ایک نیا پروپیگنڈہ شروع کیا گیا ہے اور کالے قوانین کے بے دریغ استعمال اور ڈرانے دھمکانے کی کارروائیوں کے ذریعے حریت رہنماﺅں کو نام نہاد بیانات دینے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت ظلم و جبر کے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کو دیوار کے ساتھ لگانے اور انکی منصفانہ جدوجہد کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ حریت کانفرنس کی اعلیٰ قیادت سمیت پانچ ہزار سے زائد کشمیریوں کی جیلوں اور عقوبت خانوں میں موجودگی علاقے میں جاری وحشیانہ بھارتی جبر کی ایک واضح مثال ہے ۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی سفاکانہ ہتھکنڈے جیلوںمیں بند حریت رہنماﺅں کے حوصلے پست کرنے میں ناکام رہے ہیں اور وہ اپنے اصولی موقف پر چٹان کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہاکہ دنیا جموں وکشمیر کو ایک متنازعہ خطہ تسلیم کرتی ہیں اور بھارت اپنے جھوٹے بیانیے کے ذریعے خطے کی متنازعہ حیثیت ہرگز متاثر نہیں کر سکتا ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری اپنے ساتھ کیے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے ایک پر امن جدوجہد کر رہے ہیں ، انکے عزم و استقامت نے بھارت کو بوکھلاہٹ کا شکار کردیا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیری حق خود ارادیت کے حصول کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں جو ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔
ترجمان نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ تحریک آزادی کیخلاف بھارتی چالوں سے پوری طرح باخبر رہیں اور انہیں ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دیں۔ ترجمان نے کہا کہ تنازعہ کشمیر ایک حقیقت ہے جسکے حل تک خطے میں پائیدار امن و استحکام کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے محاصرے اور تلاشی کی جاری پر تشدد کارروائیوں ، کشمیری مسلمانوں کی املاک کی مسلسل ضبطی اور ملازمین کی برطرفی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام گھناﺅنی کارروائیاں نام نہاد بھارتی جمہوریت کے ماتھے پر ایک بدنام دھبہ ہیں ۔
انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ متنازعہ جموں وکشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارتی قیادت پر دباﺅ ڈالے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button