مقبوضہ کشمیریونیورسٹی کو بحرانی صورتحال کاسامنا، فیکلٹی کی 20فیصد آسامیاں خالی
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کشمیر یونیورسٹی کی فیکلٹی کی20فیصد آسامیاں خالی ہونے کی وجہ سے یونیورسٹی کو بحرانی صورتحال کا سامنا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ اعداد و شمار جموں سے تعلق رکھنے والے سول سوسائٹی کے کارکن رمن کمار شرما کی طرف سے دائر کردہ حق اطلاعات کے جواب میں قابض حکام نے فراہم کئے ہیں ۔سنٹرل پبلک انفارمیشن آفیسر غلام محمد وانی کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق، یونیورسٹی میں منظور شدہ 2ہزار859میں سے 570 آسامیاں خالی ہیں۔یونیورسٹی کی فیکلٹی کی اہم آسامیاں خالی ہیں ۔ پروفیسرز کی 56 منظور شدہ آسامیوں میں سے 47خالی ہیں ۔ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی 120میں سے 91آسامیاں خالی ہیں۔ اسسٹنٹ پروفیسر ز371میں سے 80 آسامیاں خالی ہیں۔تدریسی شعبے کے علاوہ یونیورسٹی کا انتظامی شعبہ بھی زبوں حالی کا شکار ہے۔ ڈائریکٹر زکی سات آسامیوںمیں سے پانچ خالی ہیں جبکہ جونیئراسسٹنٹ کی110 آسامیاں خالی ہیں۔ناقدین کے مطابق اس صورتحال سے مقبوضہ کشمیرمیں اعلی تعلیم کی بحرانی صورتحال کی عکاسی ہوتی ہے ۔






