مظفرآباد: کشمیر جرنلسٹ فورم کے وفد سے ایڈووکیٹ پرویز شاہ سے ملاقات
مظفرآباد:
جموں و کشمیر جرنلسٹ فورم کے صدر محمد اقبال میر کی قیادت میں ایک وفد نے 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر کے تناظر میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر کے جنرل سکریٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد سے مظفرآباد میں ملاقات کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملاقات میں حریت رہنما زاہد اشرف، مشتاق السلام، عبدالمجید میر اورمشتاق احمد بٹ بھی موجود تھے۔اس موقع پر پرویز احمد شاہ نے وفد کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ایک منظم ریاستی جبر، بڑی تعداد میں قابض فوجیوں کی تعیناتی اور مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیریوں کی جدوجہدآزادی ایک اصولی، عوامی اور سیاسی مزاحمتی تحریک ہے، جس کا مقصد حقِ خودارادیت اور بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں بیانیہ سازی غیر معمولی اہمیت اختیار کر چکی ہے، اور سچائی پر مبنی، ذمہ دارانہ صحافت ہی مظلوم عوام کی آواز عالمی ضمیر تک پہنچا سکتی ہے۔ انہوں نے آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے تمام صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و ستم، غیر قانونی گرفتاریوں، ماورائے عدالت قتل اور نوآبادیاتی اقدامات کے خلاف موثر آواز بلند کریں۔انہوں نے کہا کہ 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس، حکومتِ آزاد کشمیر اور مہاجرین فورم کے اشتراک سے ایک شاندار اور تاریخی ریلی و جلسہ عام کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار اور عالمی برادری کی توجہ اس دیرینہ تنازع کی طرف مبذول کرانا ہے۔ انہوں نے میڈیا نمائندگان سے اس قومی و انسانی اہمیت کے حامل پروگرام کی بھرپور کوریج کی اپیل کی۔اس موقع پر جموں و کشمیر جرنلسٹ فورم کے صدر محمد اقبال میر نے مقبوضہ کشمیر کی غیر یقینی اور تشویشناک صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔وفد میں جرنلسٹ فورم سے بشیر اللہ خان،محمد الیاس،محمد مبشر،عارفہ محمود،مدیحہ عظیم،زیشان علی،گلشاد احمد بٹ ،پرویز درانی،سید باسر علی،سید ثاقب،ظفر اصغر،عبد القیوم شامل تھے۔








