سنیل شرما عوامی نمائندے کے بجائے گورنر ہائوس کے ترجمان بن بیٹھے ہیں:اجے سدھوترا

جموں: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں نیشنل کانفرنس کے ایڈیشنل جنرل سکریٹری اور سابق وزیر اجے کمار سدھوترا نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سنیل شرما عوامی نمائندے کے طور پر اپنا آئینی فرض پورا کرنے کے بجائے گورنر ہائوس کے ترجمان کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اجے کمار سدھوترا نے ایک بیان میں کہا کہ سنیل شرما نے علاقے میں ناقص گورننس اور دوہرے کنٹرول کے مسائل کادفاع کرکے اپنی پارٹی کی غلط ترجیحات اور عوامی امنگوں کے حوالے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامی ابہام اور جوابدہی کے فقدان پر سوال اٹھانے کے بجائے سنیل شرما گورنر ہائوس کے اقدامات کو درست ثابت کرنے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔این سی لیڈر نے کہا کہ سنیل شرماکا بیان ا یک اہم آئینی عہدے پر فائز شخص کو زیب نہیں دیتا جوجموں و کشمیر کی سیاسی اور انتظامی پیچیدگیوں کے بارے میں ان کی ناقص سمجھ کی عکاسی کرتاہے۔سدھوترہ نے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے مشکل ترین دہائیوں کے دوران جمہوریت کے مشعل کی جلائے رکھا۔مکمل ریاست کا درجہ بحال کرنے کے مطالبے پر سوال اٹھانے پرسنیل شرما پر تنقید کرتے ہوئے اجے سدھوترا نے کہا کہ بی جے پی لیڈر نے اپنی پارٹی کے حقیقی موقف کو بے نقاب کیا ہے۔ اجے سدھوترا نے کہاکہ سنیل شرما نے پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ کے سامنے دی گئی یقین دہانیوں کے برعکس جموں و کشمیر کے لوگوں کی بے اختیاری کی بالواسطہ حمایت کی۔






