IndoPakWar

پاکستان اور بھارت کا فوری جنگ بندی کا اعلان

اسلام آباد: نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت نے فوری طور پر جنگ بندی پر اتفاق کر لیا، دونوں ملکوں کے درمیان شام ساڑھے 4 بجے سے سیز فائر ہو گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے جنگ بندی کی تصدیق کی اور کہا کہ سیز فائر کے لیے تیار ہیں اگر بھارت کوئی جارحیت کرے گا تو ہم جواب دیں گے، جن ممالک نے سیز فائر میں حصہ ڈالا ان کا مشکور ہوں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ تمام صورتِ حال میں امریکی وزیرِ خارجہ نے بھی کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ 48گھنٹوں سے میں اور نائب امریکی صدر پاکستان اور بھارتی اعلیٰ حکام سے رابطے میں تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خود مختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ کیے بغیر خطے میں امن کے لیے کوششیں کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہے پاکستان اور بھارت فوری جنگ بندی پر رضامند ہو گئے ہیں۔
ادھربھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مسری کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی ہوگئی ہے، دونوں طرف سے فوجی کارروائیاں بھی روک دی جائیں گی۔وکرم مسری کا کہنا ہے کہ پاک بھارت جنگ بندی ہوگئی، پاکستانی وقت کے مطابق شام 4:30بجے سے عمل درآمد ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر ملٹری آپریشن 12مئی کو بات چیت کریں گے۔بھارتی سیکریٹری خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ فوری طور پر روکا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان آج بات چیت ہوئی تھی، بات چیت میں دونوں طرف سے آج شام سے بری، بحری اور فضائی فائر بندی پر اتفاق ہوا تھا۔اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان سیز فائر پر تیار ہوگئے ہیں۔ دونوں نے ہوش مندی اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ کی ثالثی میں بھارت اور پاکستان فوری جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔امریکی وزیرخارجہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پاکستان اوربھارت وسیع تر مسائل پر کسی غیرجانبدار مقام پر مذاکرات کریں گے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button