مسلح افواج وطن عزیز کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر
راولپنڈی:چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف،فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج وطن عزیز کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر قسم کے خطرات کے خلاف مکمل طور پر تیار ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے ان خیالا ت کا اظہار بہاولپور گیریژن کے دورے اور خیرپور ٹامیوالی میں اعلی سطح کی فیلڈ مشق "استقامتِ عزم” کے مشاہدے کے موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو کور کے مختلف آپریشنل، تربیتی اور انتظامی پہلوں، بالخصوص کثیر جہتی جنگ کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔انہوں نے کہاکہ مستقبل کے میدانِ جنگ میں ٹیکنالوجی پر مبنی حکمت عملی جسمانی نقل و حرکت کی جگہ لے گی، جس کے پیش نظر پاکستان کی مسلح افواج جدید ترین حربی صلاحیتوں اور کثیر جہتی جنگ کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیزی سے ارتقائی مراحل طے کر رہی ہیں۔ آرمی چیف نے پاک فوج کے جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔انہوں نے مستقبل کے میدانِ جنگ کے تقاضوں اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان کی مسلح افواج متعدد شعبوں میں بڑی تبدیلیوں کے عمل سے گزر رہی ہیں۔ جنگ کی نوعیت میں بڑے پیمانے پر تبدیلی آئی ہے، جہاں ٹیکنالوجی کی ترقی ارتقا کا باعث بن رہی ہے اور ہر سطح پر ذہنی تبدیلی کا تقاضا کرتی ہے۔فوجی مشقوں میں ڈرونز ، جدید ترین نگرانی کے آلات، الیکٹرانک وارفیئر کے اثاثوں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول کے جدید میکانزم جیسی جدید ٹیکنالوجیز کے انضمام کا مظاہرہ کیا گیا، جو کہ مسلح افواج کی ٹیکنالوجی پر مبنی کثیر جہتی آپریشنز پر توجہ کی عکاسی کرتا ہے۔قبل ازیں، آرمی چیف نے "روہی ای-اسکلز لرننگ ہب کا افتتاح کیا، جس کا مقصد ملک بھر، بالخصوص جنوبی پنجاب کے طلبا کے لیے ڈیجیٹل مہارتیں اور سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔







