World
بھارت کی طرف سے پانی روکنے کی کوشش کو چین پاکستان کی سالمیت پر حملہ سمجھے گا: چینی تجزیہ کار

بیجنگ :چین کے ایک سینئر تجزیہ کار وکٹر گا نے بھارت پر واضح کر دیا ہے کہ چین پاکستان کی سالمیت، خود مختاری اور قدرتی حقوق کے مکمل تحفظ کا حامی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وکٹر گا نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا پانی روکنے کی کسی بھی کوشش کو چین اپنے اتحادی کی سالمیت پر حملہ سمجھے گا۔انہوں نے کہا کہ چین دریا کے بالائی حصے پر ہے، اگر بھارت نے نیچے والوں کا پانی روکا تو چین خاموش نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دریا کے درمیانی حصے میں ہے، اسے خود سوچنا چاہیے کہ اگر نیچے والوں کے ساتھ زیادتی کرے گا تو اوپر والا کیا کرے گا؟چین کے سینئر تجزیہ کار وکٹر گا نے کہا کہ دوسروں کے ساتھ ویسا سلوک نہ کرو جسے تم اپنے لیے پسند نہیں کرتے۔ان کا کہنا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی عالمی قوانین کی پامالی ہو گی۔







