بھارت : ہندو انتہاپسندوں کا گائے کی اسمگلنگ کے جھوٹے الزام پردلت برادری کے دوافراد پر تشدد
بھونیشور:بی جے پی کے زیر اقتدار بھارتی ریاست اڑیسہ میں ہندو انتہاپسندوں نے گائے کی اسمگلنگ کے جھوٹے الزام پردلت برادری کے دوافراد کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ ریاست کے ضلع گنجام میں پیش آیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ متاثرہ افراد54سالہ بابولا نائک اور42سالہ بھولو نائک کو راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے خود ساختہ گائو رکھشکوں( گائے کے محافظوں)نے روکا ،ان پر مویشیوں کی اسمگلنگ کا الزام لگایا اور ان سے 30ہزارروپے کا مطالبہ کیا۔ پیسے نہ دینے پرانہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایاگیا، انہیںرینگنے پراور گھاس اورگٹرکا پانی پینے پر مجبور کیا گیا۔حملہ آوروں نے ان سے موبائل فون اور نقدی رقم بھی چھین لی۔ بھارت میں بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں گائے کے تحفظ کی آڑ میں اس طرح کے واقعات معمول بن چکے ہیں جس سے ملک میں ذات پات کی بنیادپر بڑھتے ہوئے ظلم و بربریت کی عکاسی ہوتی ہے۔







