مقبوضہ جموں و کشمیر : قابض حکام نے ڈوڈہ میں وی پی اینز پرمکمل پابندی عائد کر دی
سرینگر:)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قابض حکام نے ضلع ڈوڈہ میں ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (وی پی اینز) کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے جو مقبوضہ علاقے میں ڈیجیٹل پابندیوں کے سلسلے کی تازہ ترین کڑی ہے۔
ڈوڈہ کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کرشن لال کی جانب سے کالےقانون بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا کے تحت جاری کیے گئے حکم نامے میں امن وامان ، ہم آہنگی اور سلامتی کو لاحق خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے زیادہ تر ایپلی کیشنز اور ویب سائٹس تک انٹرنیٹ رسائی محدود کر دی گئی ہے۔یہ پابندی ضلع میں کام کرنے والے تمام افراد، اداروں، سائبر کیفےز، کاروباری اداروں اور انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے اداروں پر لاگو ہوگی۔صرف وہی افراداورادارے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے جنہیں قابض حکام کی جانب سے باضابطہ حکم کے ذریعے واضح طور پر اجازت دی گئی ہو۔قابض حکام نے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔انسانی حقوق کے مبصرین نے اس حکم کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات مقبوضہ علاقے میں انٹرنیٹ کے استعمال پر عائد پابندیوں کا حصہ ہیں۔







