برہان وانی نے اپنا لہو دیکر تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونکی ، الطاف بٹ ، ملک اسلم
میر پور:
کشمیری حریت رہنماء الطاف بٹ نے کہاہے کہ معروف نوجوان رہنمابرہان مظفر وانی نے اپنا لہو دے کرتحریک آزادی میں نئی روح پھونکی ،جس سے تحریک آزادی کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر زبردست پذیرائی ملی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق طفیل الطاف بٹ نے حریت رہنماء ملک اسلم کے ہمراہ میر پور میں برہانی مظفر وانی کے 9ویں یوم شہادت کے موقع پر منعقدہ ایک دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ برہان مظفر وانی نے تحریک آزادی کشمیر دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے جدیدٹیکنالوجی کا استعمال کیا۔انہوںنے کہاکہ برہان وانی نے دنیا کو بتایاکہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔حریت رہنمائوں نے جدوجہدآزادی کشمیر کواسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہاکہ شہدا کی عظیم قربانیوں کی بدولت مقبوضہ کشمیر جلد بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی حاصل کر لے گا۔انہوں نے واضح کیاکہ کشمیری شہداء کی قربانیاں ہر گز رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ تحریک آزادی کشمیر کا بیش قیمت اثاثہ ہیں ۔ تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔






