بھارت کے یکطرفہ اقدامات ناقابل قبول، کشمیریوں کو انکاحق خودارادیت دیاجاناچاہیے، صد آصف علی زداری

اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کے 5اگست 2019کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات ناقابل قبول ہیں ۔ کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دیاجاناچاہیے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم استحصال کشمیرکے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہاکہ کے 5اگست2019 کے بعد سے بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے جبرواستبداد میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔کشمیری عوام اپنے ہی وطن میں بے اختیار کمیونٹی بن چکے ہیں ،کشمیری قیادت قید میں ہے، گزشتہ چھ برسوں میں بھارتی حکام نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب بگاڑنے کیلئے مختلف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے ،جن میں انتخابی حلقہ بندیوں میں من مانی تبدیلیاں،غیر کشمیریوں کو ووٹر لسٹوں میں شمولیت ،انہیں ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کا اجرااورکشمیریوں کی زمین و جائیداد کی ملکیت سے متعلق نئے قوانین کانفاذ شامل ہے ۔ بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو چھ سال مکمل ہو رہے ہیں۔ اس دن بھارت نے اپنے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی اور اسے دو نام نہاد یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کر دیا تھا تاکہ اس کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت کوتبدیل کر کے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو کمزور کیا جا سکے۔ صدر مملکت نے کہاکہ 5اگست 2019کے بعد سے بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جبرواستبداد میں کئی گنااضافہ کر دیا ہے جس کے نتیجے میں کشمیری عوام کو اپنے ہی وطن میں بے اختیار کمیونٹی بننے کا خطرہ لاحق ہے، کشمیری عوام کی حقیقی قیادت تاحال قید میں ہے۔انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کو دھمکیاں، بلاجواز گرفتاریاں اور نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں معمول بن چکے ہیں ، مقامی میڈیا کو خاموش کر دیا گیا ہے اور کشمیری عوام اظہارِ رائے اور اجتماع کی آزادی سے محروم ہیں،سب سے بڑھ کر یہ کہ انہیں انکے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت سے محروم رکھا جارہاہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کی حالیہ جارحیت کے تناظر میں رواں سال یومِ استحصال اور بھی زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پاکستانی عوام کے لیے باعثِ فخر ہے تاہم یہ دن اس امر کی بھی یاد دہانی کراتا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے جموں و کشمیر کے تنازعے کا حل اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ناگزیر ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔





