بھارت اور اسرائیل کے درمیان سرمایہ کاری معاہدے پر دستخط

نئی دلی:بھارت اور اسرائیل نے جنہیں اپنے زیر تسلط مقبوضہ علاقوں میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی بڑے پیمانے پر عالمی تنقید کا سامنا ہے, دوطرفہ اقتصادی اور سیاسی تعاون بڑھانے کیلئے نئی دلی میں سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق معاہدے پر بھارتی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن اور ان کے اسرائیلی ہم منصب بیزلیل سموٹریچ نے دستخط کئے۔ دونوں ملکوں نے1996کے منسوخ کئے گئے سرمایہ کاری معاہدے کی بحالی کیلئے اس معاہدے پر دستخط کئے ہیں ۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ بھارت اور اسرائیل کے درمیان ایک ایسے وقت میں بڑھتی ہوئی شراکت کی عکاسی کرتا ہے جب دونوں حکومتوں کو فلسطینیوں اور کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق پامال کرنے پر عالمی سطح پر شدید غم و غصے کا سامنا ہے۔آبادکار نوآبادیاتی پالیسیوں پر بین الاقوامی سطح پر کڑی یتنقید کے باوجود، دونوں غاصب حکومتیں اب خود کو اسٹریٹجک اتحادی کے طور پر پیش کر رہی ہیں۔انسانی حقوق کے علمبرداروں نے زوردیاہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت اور مقبوضہ فلسطین میں اسرائیل کے جاری مظالم میں دن بہ دن تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ تازہ ترین معاہدہ سے ظاہر ہوتاہے کہ کس طرح ظالم اورغاصب ممالک ایک دوسرے کے ہاتھ مضبوط کر رہے ہیں حالانکہ ان کے غیر قانونی اقدامات پر دنیا بھر میں تنقید کی جارہی ہے ۔







