امریکی جریدے فارن افیئرز نے پاکستان کے بجائے بھارت پر انحصار کی امریکی پالیسی کو ناکام قرار دے دیا

واشنگٹن: امریکی جریدے فارن افیئرز نے پاکستان کے مقابلے میں بھارت پر انحصار کی امریکی پالیسی کو ناکام قرار دیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق امریکی جریدے فارن افیئرز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ بھارت کبھی بھی امریکا کا قابل اعتماد شراکت دار نہیں رہا۔ بھارت امریکا کی توقعات پر پورا نہیں اترا ۔ اس کے برعکس پاکستان امریکہ کا زیادہ قابل اعتماد شراکت دارثابت ہوا ہے۔ فارن افئیرز کے مطابق اب امریکا کو پاکستان پر اعتماد کر کے دیکھنا ہو گا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور بھارت سے کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ امریکا اور پاکستان کے تجارتی و توانائی معاہدے دونوں ملکوں کے لیے فائدہ مند ہیں اور ریکو ڈیک سمیت پاکستانی وسائل میں امریکی سرمایہ کاری سے خطہ مستحکم ہو سکتا ہے۔فارن افیئرز نے خبردار کیا ہے کہ بھارت پر یکطرفہ توجہ خطے میں دراڑیں اور جنگ کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی قومی سلامتی پالیسی میں امریکا اور چین کے ساتھ متوازن تعلقات پر زور دیا گیا ہے اور پاکستان ماضی میں بھی امریکا اور چین کو قریب لانے کیلئے کردار ادا کر چکا ہے۔فارن افیئرز نے واضح کیا کہ بھارت پر مرکوز امریکی پالیسی پاکستان کو دور اور خطے میں واشنگٹن کو کمزور کرے گی-








